اسلام آباد،4؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) پاکستان میں تقریباًایک ماہ سے جاری سیاسی ڈرامہ بازی کے خاتمہ کے وقت قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دنگل میں ایک عجیب وغریب واقعہ ہوا - قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا-اس کے فوراً بعد عمران خان نے قوم سے خطاب کیا اور عوام کو بتایا کہ حکومت گرانے کی غیر ملکی سازش کو ناکام بنانا ضروری تھا- اس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ممبر ہنگامہ کرتے رہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کا داؤ کام کرچکا تھا-
عمران خان کی سفارش پر پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسمبلیاں تحلیل کر دیں -عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کے اعلان کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نئے انتخابات90روز میں کروائے جائیں گے-
ایک بات واضح ہے کہ عمران خان کے اس قدم نے انہیں اب اپوزیشن کے رحم و کرم پر رہنے کی بجائے عوام کی عدالت میں پہنچا دیا ہے- اس کو پاکستان کی سیاست میں ماسٹر اسٹروک کہا جارہا ہے -اپوزیشن جن منحرف ممبروں کے ساتھ آج قومی اسمبلی میں حکومت کو گرانے کے عزم سے آئی تھی، اس کو احساس ہی نہیں ہوا کہ چند پل میں حکومت سازی ہندسوں کے کھیل سے نکل کر عوام کی عدالت میں پہنچ گئی-
عمران خان نے پچھلے چند دنوں کے دوران جو کارڈ کھیلے تھے، ان سے کسی کو اس کا اندازہ نہیں تھا کہ ترپ کا پتا کیا ہوسکتا ہے- عمران خان اور اپوزیشن دونوں کو ہی ووٹنگ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹنے کیلئے172/اراکین کی حمایت درکار تھی-بظاہر نظر آ رہا تھا کہ عمران خان سادہ اکثریت کھوچکے تھے کیونکہ ان کے بہت سے اتحادی اپوزیشن کی صفوں میں موجود تھے اور اپوزیشن بھی کچھ ایسے ہی دعوے کر رہی تھی - تاہم عدم اعتماد کی یہ بازی اس وقت پلٹ گئی جب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آرٹیکل5/اے کے تحت وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی قرارداد کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردیا-
قوم سے خطاب میں عمران خان نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دی- عمران خان نے کہا کہ اس طرح کی سازش قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، اسپیکر نے اپنی اتھارٹی اور آئینی طاقت سے جو فیصلہ کیا اس کے بعد میں نے ابھی سے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے-
انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں مسائل عوام کے پاس جائیں، الیکشن ہوں، عوام فیصلہ کرے وہ کسے چاہتے ہیں، کوئی باہر سے سازش، کرپٹ لوگ، پیسہ دے کر قوم کا فیصلہ نہ کریں - انہوں نے مزید کہا کہ کوئی باہر سے یا کرپشن کا پیسہ اس ملک کا فیصلہ نہیں کرے گا- وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں ملک سے بہت بڑی سازش کی جارہی تھی، 22کروڑ قوم کی حکومت کو گرانے کی کوشش کی گئی وہ سازش فیل ہوگئی، اس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں -